18 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسرائیلی حملوں کی مذمت، غزہ میں امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان سمیت 18 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشترکہ بیان میں غزہ کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق حملے میں مریضوں اور طبی عملے کو جانی نقصان پہنچا۔ وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فلسطینی شہریوں اور بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔
اسلامی ممالک کے مطابق اسرائیلی حملے غزہ میں جنگ بندی اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور صدر ٹرمپ کے جامع امن منصوبے سے بھی مطابقت نہیں رکھتے۔
غزہ میں انسانی بحران پر تشویش
وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد، خیموں، عارضی رہائش گاہوں اور طبی سامان کی فراہمی پر اسرائیلی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق موسم سرما کی آمد پر غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بچوں اور شیرخواروں کی زندگیاں شدید سردی کے باعث خطرے میں ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل شرم الشیخ معاہدے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر مکمل عمل کرے، فوری طور پر جنگ بندی کی پاسداری اور شہریوں و طبی مراکز کا تحفظ یقینی بنائے۔
انسانی امداد کی محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسرائیل اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو بلا رکاوٹ کام کرنے دے اور انسانی امداد کی فراہمی کو سیاسی اور سکیورٹی شرائط سے مشروط نہ کیا جائے۔
وزرائے خارجہ نے امریکہ اور بورڈ آف پیس سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل سے معاہدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کیا جائے۔











