چمن: بازار میں نئی سڑک کی تعمیر پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

چمن: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چمن فدا بلوچ کی زیرصدارت چمن بازار میں نئی سڑک کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن مطیع اللہ، اصغر بینڈار (نمائندہ)، محمد علی (پٹواری) اور روڈ بلڈنگ آفیسر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں چمن بازار میں نئی سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ مجوزہ سڑک کی تعمیر کے راستے میں آنے والی بعض دکانوں کو منصوبے کی تکمیل کے لیے مسمار کیا جائے گا، جس کے لیے متعلقہ دکان مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔
سڑک کا کام جلد شروع کرنے پر زور
اجلاس میں زور دیا گیا کہ تمام ضروری قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے، تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بازار میں ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی لائی جا سکے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں چمن شہر میں نئی ترقیاتی اسکیموں کے آغاز، بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











