دکی: چمالنگ میں 11 مزدوروں کی شہادت پر بابر یوسفزئی کی شدید مذمت

کوئٹہ: معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے ضلع دکی کی حدود میں واقع علاقے چمالنگ میں فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کی جانب سے 11 بے گناہ مقامی مزدوروں کی شہادت کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
مزدوروں کی شہادت کی مذمت
انہوں نے کہا کہ نہتے اور بے گناہ محنت کشوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم اور دہشت گرد عناصر کی انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے۔ چمالنگ میں شہید ہونے والے تمام افراد محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے غریب اور مقامی مزدور تھے۔
ان بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے سے دہشت گردوں کا اصل چہرہ ایک مرتبہ پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ یہ عناصر نہ صرف بلوچستان کے امن بلکہ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے روشن مستقبل کے بھی دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں، روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں سے خائف ہے۔ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام کو خوف، بدامنی اور محرومیوں میں مبتلا رکھا جائے تاکہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا عمل متاثر ہو، تاہم ان کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے غریب عوام، مزدوروں اور محنت کش طبقے کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ جو عناصر روزگار کے حصول کے لیے محنت کرنے والے بے گناہ شہریوں کو قتل کرتے ہیں، وہ کسی نظریے یا حقوق کی نمائندگی نہیں کرتے بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں۔
دہشت گردوں کے خلاف عزم
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان کے مذموم نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے، عوام کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بابر یوسفزئی نے چمالنگ واقعے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور دہشت گردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ حکومت بلوچستان عوام کے تحفظ، امن کے قیام اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گی۔











