سوات پریمیئر لیگ سیزن 8: گراسی گراؤنڈ میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

سوات: سوات پریمیئر لیگ سیزن 8 کے انعقاد سے قبل پولیس نے گراسی گراؤنڈ میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی کلیم اللہ اور ایس ڈی پی او سیدو نعیم حسین نے گراسی گراؤنڈ کا دورہ کیا، جہاں آج جمعہ سے سوات پریمیئر لیگ سیزن 8 کا آغاز ہوگا۔
اس موقع پر پولیس افسران نے گراؤنڈ کے داخلی و خارجی راستوں، تماشائیوں کے بیٹھنے کے مقامات، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکیورٹی، پارکنگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختص راستوں سمیت مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
پولیس افسران نے کہا کہ سوات پریمیئر لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق ایسے کھیلوں کے مقابلے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔











