ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2031 تک 9 ٹیموں پر مشتمل رہنے کا امکان

دبئی: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے آئندہ دو سائیکل 2027-29 اور 2029-31 میں بھی ٹیموں کی تعداد 9 برقرار رہنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی بورڈ کا اہم اجلاس اتوار کو انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہوگا، جس میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے یا موجودہ فارمیٹ برقرار رکھنے سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی بحث بھی ہوگی، تاہم امکان ہے کہ بورڈ آئی سی سی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے موجودہ فارمیٹ برقرار رکھے گا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اس وقت اپنے چوتھے سائیکل کے آخری مرحلے میں ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران اس کے فارمیٹ میں تبدیلی کے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آتی رہی ہیں، جن میں دو درجوں پر مشتمل لیگ کا منصوبہ بھی شامل تھا۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ڈبلیو ٹی سی میں آئی سی سی کے تمام 12 فل ممبرز کو ایک ہی ڈویژن میں شامل کرنے کی تجویز کو بھی تقویت ملی۔ سابق نیوزی لینڈ بیٹر راجر ٹووس کی سربراہی میں آئی سی سی ورکنگ گروپ نے یہ سفارش پیش کی تھی، جس کی زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان نے بھرپور حمایت کی تھی۔
یہ تینوں فل ممبرز اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ نہیں ہیں۔











