رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا بنی اسرائیل ۲۴
کوئٹہ 10° صاف 20° / 9°فجر 05:40ظہر 12:18عصر 15:56مغرب 17:33عشا 18:56
بلوچستان کی آواز، اکتوبر 1970 سےکوئٹہ سے شائع ہونے والا روزنامہ · ایڈیٹر انچیف: جاوید احمد · ایڈیٹر: کامران جاوید
پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا پرانا نام ارباب نیاز اسٹیڈیم بحال کرنے کا فیصلہبنوں: امن جرگے پر خوارج کا کواڈ کاپٹر حملہ، 14 شہری زخمیمحسن نقوی کا بغیر نام لیے ایک وزیر کو انتباہ، کاروباری افراد کا دفاعبلاول بھٹو: ایران امریکا مذاکرات ناکام ہوئے تو کشیدگی پھیل سکتی ہے، پاکستان پُرامیدنئے صوبوں کے قیام پر مشاورت جلد نتیجہ خیز ہوگی: خواجہ آصفویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان ویمن ٹیم کی اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکستکراچی: تاجک پاپ اینسمبل کی پی اے سی سی میں شاندار پرفارمنسحسین نقی کے انتقال پر عظمیٰ بخاری کا گہرے دکھ کا اظہارایران اور امریکا کے مذاکرات تعطل کا شکار، یورینیم بنیادی تنازع بن گیادالبندین: دہشت گردوں کی مسافر بس پر فائرنگ، ڈرائیور سمیت 4 مسافر زخمینیتن یاہو کا ٹرمپ پر ایران کے خلاف نئے حملوں کے لیے دباؤوزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا سرکاری دورہ کریں گے

تربت: شہداد چاہ سری کی دوسری برسی پر بلوچستان اکیڈمی کا تعزیتی ریفرنس

تربت: 22 نومبر کو بلوچی زبان کے نامور شاعر، ادیب واجہ شہداد چاہ سری کی دوسری برسی کے موقع پر بلوچستان اکیڈمی تربت کی جانب سے تربت پریس کلب کے آڈیٹوریم میں تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں علمی، ادبی، سیاسی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کی زندگی، فکر اور ادبی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں خصوصی طور پر ان کے فرزند اور اسپیشل سیکریٹری صحت بلوچستان شیہک شہداد بلوچ نے شرکت کی۔

شاعری اور ادبی خدمات پر روشنی

مقررین نے شہداد چاہ سری کی شاعری، علمی بصیرت، قومی وابستگی اور بلوچی زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا تخلیقی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک اہم ادبی ورثہ ہے۔

شیہک شہداد بلوچ نے شرکاء اور ادبی شخصیات کی آمد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اکیڈمی تربت نے پریس کلب کے تعاون سے اس ریفرنس کا انعقاد کرکے ان کے والد کی ادبی زندگی اور خدمات کو نئی نسل کے سامنے لانے کی ایک قابلِ قدر کوشش کی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اجتماع نہ صرف ایک عظیم ادبی شخصیت کی یاد تازہ کرنے کا ذریعہ بنے گا بلکہ علاقے میں علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔

معروف بلوچ ادیب و محقق پروفیسر غنی پرواز نے اپنے خطاب میں شہداد چاہ سری کی شاعرانہ شخصیت کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف اصنافِ سخن میں تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والے شاعر تھے۔ انہوں نے اپنے آبائی علاقے چاہ سر سے نسبت قائم رکھتے ہوئے چاہ سری کا تخلص اپنایا، جو اپنی دھرتی سے ان کی فکری اور جذباتی وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔

ادیب و محقق واجہ یوسف عزیز گچکی نے کہا کہ شہداد چاہ سری کا شمار ان منفرد بلوچی شعرا میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کلام کی تخلیق کے ساتھ اس کے لیے دھنیں اور طرزیں بھی خود ترتیب دیں۔ اس طرح ان کی شخصیت شاعری اور موسیقی دونوں میدانوں میں نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔

ڈاکٹر فضل خالق نے کہا کہ شہداد چاہ سری کی شاعری میں اپنی سرزمین سے محبت اور مٹی کے ساتھ تعلق کا احساس نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے نام اور ادبی شناخت کو بھی اپنی جائے پیدائش سے وابستہ رکھ کر اپنی دھرتی سے غیر معمولی محبت کا اظہار کیا۔

ادبی روایت اور نئی نسل کی ذمہ داری

سیاسی و سماجی شخصیت واجہ عصاء ظفر نے مرحوم کی قوم دوست فکر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری شائستگی، قومی احساس اور تہذیبی اقدار کی عکاس تھی۔ انہوں نے موجودہ نسل کے شعرا اور فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقات کو قومی شعور اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنائیں۔

ان کے مطابق بلوچ قوم کی ایک شاندار ادبی و تاریخی روایت ہے اور نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اسلاف کے تخلیقی ورثے کو آگے بڑھائے۔

بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کے سابق چیئرمین سنگت رفیق نے شہداد چاہ سری کو ایک بااصول، نڈر اور باوقار علمی و ادبی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی کا ایک حصہ درس و تدریس جیسے مقدس پیشے میں بھی گزارا۔ ان کی شاعری میں مستعمل منفرد الفاظ اور محاورات ان کی زبان پر گرفت اور تخلیقی انفرادیت کا ثبوت ہیں، جن کی جھلک سید ہاشمی، عطا شاد، گل خان نصیر اور محمد حسین عنقا جیسے نامور شعرا کے کلام میں بھی ملتی ہے۔

بلوچستان اکیڈمی تربت کے چیئرمین شگر اللہ یوسف نے کہا کہ محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود اکیڈمی بلوچی زبان و ادب کے فروغ، ادبی شخصیات کی خدمات کے اعتراف اور تاریخی ادبی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہداد چاہ سری جیسی شخصیات کو یاد کرنا اسی ادبی و ثقافتی ذمہ داری کا حصہ ہے۔

معروف شاعر اور بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین استاد عارف عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں شہداد چاہ سری سمیت کئی بزرگ ادبی شخصیات کی قربت اور صحبت سے سیکھنے کا موقع ملا۔ ان شخصیات کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی نے ان کے ادبی سفر میں اہم کردار ادا کیا، ان کی علمی و ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شاعر یار محمد ساکم نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ادبی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ماضی کے علمی و تخلیقی کرداروں کو فراموش نہ کرے۔ انہوں نے کیچ میں ادب کے فروغ کے حوالے سے یار محمد نوقلاتی، عاقل بابا نوشاد، اسماعیل بزرگ، لال بخش داؤدی، نذیر صوفی اور امیر بخش جوسکی سمیت دیگر ادبی شخصیات کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان بزرگوں کی کاوشوں نے علاقے کی ادبی روایت کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔

سماجی و ادبی کارکن واجہ بجار بلوچ نے کہا کہ شہداد چاہ سری کی شخصیت محض شاعری تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ قومی اور سیاسی جدوجہد سے بھی وابستہ رہے۔ ان کی زندگی میں قومی شعور اور سماجی احساس کو بنیادی حیثیت حاصل تھی۔

بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے صدر میر خلیل تگرانی نے شہداد چاہ سری کے ساتھ اپنی وابستہ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی، حوصلہ افزائی اور رہنمائی نے بہت سے لوگوں کو بلوچی زبان و موسیقی کے لیے کام کرنے کا جذبہ دیا۔ آج بھی ان کی تربیت اور شفقت سے مستفید ہونے والے افراد زبان و ادب کی خدمت میں مصروف ہیں۔

تعزیتی ریفرنس میں کیچ کی متعدد ممتاز سیاسی، سماجی، علمی اور ادبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء میں پاکستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر میر غفور احمد بزنجو، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما واجہ ابوالحسن بلوچ، جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام یاسین بلوچ، واجہ عیسیٰ ظفر، چیف آفیسر شعیب ناصر، ڈپٹی میئر کیچ نثار احمد، اے ڈی سی مقبول انور، بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد، ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز برکت اسماعیل، انجمن تاجران کیچ کے صدر نثار آدم جوسکی، اعجاز علی محمد جوسکی، غلام اعظم دشتی، ایاز ہاشم بزنجو، وارث دشتی، لطیف شہنواز، زیڈ جے زہیران، ڈاکٹر یاسین دشتی، مولانا عبدالباسط فیضی، اعجاز احمد بلوچ، ڈائریکٹر ڈیلٹا اسکول تربت مراد اسماعیل بلوچ، پروفیسر طارق رحیم، ڈاکٹر اسلم آزار، صادق تاجر، استاد صابر بلوچ، استاد وہاب بلوچ اور منظور بلوچ سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت یلان بلوچ نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض مقبول ناصر نے انجام دیے۔

ریفرنس کا دوسرا حصہ موسیقی اور شاعری کے نام رہا، جہاں بلوچی زبان کے معروف فنکاروں استاد عارف بلوچ، استاد اصغر آدینہ، استاد وہاب بلوچ اور مبارک داد نے شہداد چاہ سری کا منتخب کلام اپنی آوازوں اور مخصوص فنکارانہ انداز میں پیش کیا۔

اس طرح ان کی شاعری کے ذریعے انہیں منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور تقریب میں شریک ادبی حلقوں نے ان کی یادوں کو تازہ کیا۔

موضوعات:
اشتہار