کوئٹہ: سریاب روڈ، لنک بادینی اور بی بی زیارت پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے ویژن اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
مجسٹریٹ عامر قیصرانی اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے سپروائزر سرور احمد کی نگرانی میں سریاب روڈ، لنک بادینی، بی بی زیارت اور موسیٰ کالونی کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو بھاری مشینری اور عملے کی مدد سے ہٹا کر سڑکوں کو ٹریفک کی روانی کے لیے مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کے خاتمے اور شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے تجاوزات کے خلاف یہ مہم بلاتعطل جاری رہے گی اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











