کوئٹہ: ڈی جی ایکسائز نارتھ محمد ایوب ہزارہ کا زیرِ تربیت افسران سے خطاب

کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل ایکسائز نارتھ محمد ایوب ہزارہ نے حکومتِ بلوچستان کے زیرِ تربیت سپرنٹنڈنٹس اور آفس کوآرڈینیٹرز سے خطاب کیا، جنہوں نے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس حکومتِ بلوچستان کا مقامی مطالعاتی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ایکسائز نارتھ محمد ایوب ہزارہ نے شرکاء کو محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس کے انتظامی ڈھانچے، فرائض، ذمہ داریوں اور محکمانہ امور کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے سرکاری اداروں کی مؤثر کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت، دفتری نظم و ضبط اور بین المحکمہ جاتی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے کے لیے عملی تربیت اور مختلف محکموں کے مطالعاتی دورے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
شرکاء کو محکمہ ایکسائز کے مختلف شعبہ جات، محصولات کی وصولی، ٹیکس نظام، منشیات کی روک تھام اور انسدادِ منشیات کے سلسلے میں محکمے کی ذمہ داریوں اور سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران زیرِ تربیت افسران نے مختلف محکمانہ امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران سے سوالات و جوابات کے ذریعے معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی مقصد زیرِ تربیت افسران کو سرکاری محکموں کے عملی طریقہ کار سے روشناس کرانا، ان کی انتظامی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور بین المحکمہ جاتی روابط کو فروغ دینا تھا۔
ڈی جی ایکسائز نارتھ محمد ایوب ہزارہ اور محکمہ ایکسائز کے افسران کا شکریہ ادا کیا اور دورے کو معلوماتی اور مفید قرار دیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











