کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا جائزہ اجلاس

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں صحت کی سہولیات، طبی عملے کی حاضری اور ہسپتالوں و مراکز صحت کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوئٹہ، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی، ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران غیر حاضر طبی عملے، ادویات کی فراہمی اور اے آئی (AI) حاضری کے نظام سے متعلق حکام نے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے، ادویات کی بروقت فراہمی اور صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں اور صحت کے شعبے میں انتظامی بہتری و عوامی سہولت کو یقینی بنائیں۔











