ترکیہ کے صدر اردوان کی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کی توثیق

اسلام آباد: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں جمعہ کو اس منظوری کی اشاعت کے بعد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے نئے مرحلے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کی پارلیمنٹ نے رواں ماہ 5 نومبر کو اس معاہدے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد صدر طیب اردوان کی توثیق نے معاہدے کو حتمی قانونی منظوری فراہم کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے رواں سال اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے تناظر میں طے پایا تھا۔
معاہدے کی اہم شق کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ مشترکہ دفاع اور باہمی تعاون کا فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے۔
ترکیہ کی پارلیمانی منظوری کے بعد انقرہ کے لیے سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم کرنے کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن کے ایران نواز حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کے تناظر میں اس دفاعی تعاون کو اہمیت حاصل ہے۔
ترکیہ کی حکمران جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ حکومت اس معاہدے کے تحت سعودی عرب میں ترک فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی اجازت دینے کے لیے پارلیمنٹ میں ایک علیحدہ قرارداد پیش کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق اہم اجلاس جمعہ اور ہفتہ کو اسلام آباد میں منعقد ہونا طے ہے، جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے اور باہمی تعاون کے امور زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔
رپورٹ میں ترکیہ کی فوج کو نیٹو کی دوسری بڑی فوج قرار دیا گیا ہے، جبکہ سعودی عرب کو اسلام کے مقدس ترین مقامات کا میزبان اور دنیا کے بڑے تیل برآمد کنندگان میں شامل ملک بتایا گیا ہے۔ پاکستان مسلم دنیا کی واحد جوہری طاقت ہے۔











