رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا بنی اسرائیل ۲۴
کوئٹہ 10° صاف 19° / 9°فجر 05:45ظہر 12:21عصر 15:55مغرب 17:31عشا 18:56
بلوچستان کی آواز، اکتوبر 1970 سےکوئٹہ سے شائع ہونے والا روزنامہ · ایڈیٹر انچیف: جاوید احمد · ایڈیٹر: کامران جاوید
وزیراعظم شہباز شریف کی کویت پر ڈرون حملے کی مذمت، زخمی پاکستانی کو مکمل معاونت کی یقین دہانییمن کے ساحل کے قریب مال بردار جہاز ہائی جیک، سعودی عرب کا دو حوثی میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ40 لاکھ روپے تاوان: ایس ایچ او اور ٹرینی سب انسپکٹر 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سے باہروزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تیانگ گونگ پر موجود پاکستانی خلا باز سے براہِ راست گفتگوقاضی فاؤنڈیشن مینز ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد میں آج سے شروعاسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتسازگار انجینئرنگ کی پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی، ٹینک 500 کی قیمت 38 لاکھ کمآئی ایل ٹی20: بابر اعظم پھر ناکام، ڈیزرٹ وائپرز سپر اوور میں شکست کھا گئےتربت میں دو کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاکاسنوکر ورلڈ کپ: پاکستان کی دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں، بھارت کو کلین سویپ شکستبجلی کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ: 3.04 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست، نیپرا میں سماعت

مولانا فضل الرحمٰن گرفتار، دھرنے ملتوی، جمعہ کے بعد ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج

مولانا فضل الرحمٰن گرفتار، دھرنے ملتوی، جمعہ کے بعد ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج
فائل فوٹو: مولانا فضل الرحمٰن — تصویر: بشکریہ app.com.pk

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے واضح کیا ہے کہ گرفتاریاں اور جیلیں ان کی جماعت کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور احتجاجی تحریک ہر صورت جاری رہے گی۔

انہوں نے ملک بھر میں جاری دھرنے فی الحال ملتوی کرنے اور نماز جمعہ کے بعد ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کارکنوں کو جوش کے بجائے ہوش سے کام لینے اور جماعتی قیادت کی ہدایات کے مطابق جدوجہد جاری رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی میڈیا سیل کے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں کے عزم، استقلال اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اپنا ہر قدم باہمی مشاورت اور بھرپور حکمت عملی کے تحت اٹھاتی ہے، اس لیے کارکن جذبات میں آنے کے بجائے نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔

گرفتاری کا فیصلہ

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ گرفتاریاں اور جیلیں ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں، ہمارے اکابر نے پھانسیوں کو چوما ہے، جیلیں ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ ہم خود جیل کے دروازے پر جا کر گرفتاریاں دیں گے اور پوری استقامت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکمران ان کی گرفتاری کے سیاسی نتائج زیادہ دیر تک برداشت نہیں کر سکیں گے۔

جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملک کو خونریزی، تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے گرفتاری دینے کا بڑا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق قائد جمعیت کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں 11 گھنٹوں سے زائد محصور رکھا گیا، جہاں لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روک رکھا تھا۔

اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن سرگودھا میں جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔ ڈی آئی جی لاہور نے انہیں واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے مولانا فضل الرحمٰن نے مسترد کر دیا۔ بعدازاں سی سی پی او لاہور بھی موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔

ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومتی اہلکاروں کے درمیان ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کارکن تقریباً دس گھنٹوں سے مختلف شاہراہوں پر دھرنے دیے بیٹھے تھے، جبکہ احتجاج میں عوام کی بڑھتی ہوئی شرکت کے باعث حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ تھا۔

اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا تاکہ ملک کو کسی بڑے تصادم سے بچایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راستوں کی بندش کے باعث لاہور کے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران قومی اور صوبائی شاہراہیں بند رہیں۔

مرکزی ترجمان نے ملک بھر میں احتجاج میں شریک کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر ہم معذرت خواہ ہیں، تاہم ہماری تحریک اور جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن کا انتظام جمعیت علمائے اسلام کی ذیلی جماعتیں اپنے اپنے علاقوں میں کریں گی۔

اسلم غوری کے مطابق مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ جماعت کے سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے کے مطابق تحریک جاری رکھی جائے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مرکزی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔

جمعیت علمائے اسلام کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی گرفتاری کے باوجود احتجاجی تحریک ختم نہیں ہوگی اور جماعت اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

اشتہار