پشاور زلمی کا آرون ہارڈی کو پی ایس ایل 12 کے لیے برقرار رکھنے کا اعلان

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے آسٹریلوی آل رائونڈر آرون ہارڈی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کے طور پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فرنچائز نے ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے لیے ایک مضبوط اور مسابقتی اسکواڈ تشکیل دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پی ایس ایل 11 میں کارکردگی
آرون ہارڈی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پشاور زلمی کی تاریخی ٹائٹل جیتنے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا اور بیٹنگ و بولنگ دونوں شعبوں میں متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ فائنل میں ان کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے دوران آرون ہارڈی نے چھ میچوں میں 44.33 کی اوسط اور 149.44 کے اسٹرائیک ریٹ سے 133 رنز اسکور کیے۔ بولنگ میں انہوں نے 7.42 کے اکانومی ریٹ سے 11 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کی بہترین بولنگ 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی۔
پی ایس ایل 11 کے فائنل میں ہارڈی کی کارکردگی پشاور زلمی کی دوسری پی ایس ایل ٹرافی جیتنے میں کلیدی اہمیت کی حامل رہی۔ انہوں نے پہلے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ بعد ازاں ہدف کے تعاقب میں جب زلمی دباؤ کا شکار تھی تو ہارڈی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 39 گیندوں پر ناقابلِ شکست 56 رنز بنائے۔ عبدالصمد کے ساتھ ان کی فیصلہ کن شراکت داری نے زلمی کو پانچ وکٹوں سے یادگار فتح دلائی اور ٹرافی ایک بار پھر پشاور کے نام ہو گئی۔
ٹائٹل کے دفاع کا عزم
اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ آرون ہارڈی نے ثابت کیا کہ وہ فیصلہ کن لمحات میں زلمی کے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ فائنل میں پہلے گیند اور پھر دباؤ کی صورتحال میں بلے سے ان کی غیر معمولی کارکردگی ہماری چیمپئن شپ جیتنے کی مہم کا ایک اہم اور یادگار لمحہ تھی۔ پورے ٹورنامنٹ میں ان کی خدمات ہماری کامیابی کا اہم حصہ رہیں۔
دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ہمارا یقین ہے کہ ہمیں ایسے کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ برقرار رکھنا چاہیے جو زلمی کے جذبے کو سمجھتے ہوں اور بڑے مواقع پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہوں۔ ہمیں خوشی ہے کہ آرون ہارڈی ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں ٹائٹل کے دفاع کے سفر میں ایک بار پھر ہمارے ساتھ ہوں گے۔
آرون ہارڈی جیسے تجربہ کار اور میچ ونر کھلاڑی کو برقرار رکھنا ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے پشاور زلمی کے عزائم اور حکمت عملی کا عکاس ہے۔ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے فرنچائز اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنے اور ایک متوازن اور مضبوط ٹیم کے ساتھ ایک اور چیمپئن شپ جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔
آرون ہارڈی کی پیلی جرسی میں واپسی کے ساتھ زلمی کے شائقین ایک بار پھر اس چیمپئن آل رائونڈر کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔











