غیر قانونی تعمیرات پر فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصولی کا الزام، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر تنقید

کراچی: آباد کے چیئرمین حنیف گوہر نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران پر غیر قانونی تعمیرات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے تک وصول کرکے غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے قانونی طور پر تعمیرات کرنے والے بلڈرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
حنیف گوہر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تمام زیر تعمیر عمارتیں سیل کرنے کا حکم غیر منصفانہ ہے، جس کے نتیجے میں قانونی بلڈرز کی تقریباً ڈیڑھ سو عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں نے عمارتیں سیل کرتے وقت این او سیز اور منظوری کے دستاویزات تک نظر انداز کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی ناک کے نیچے شہر میں غیر قانونی تعمیرات ہوتی رہیں، اور مبینہ طور پر فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصول کرکے افسران آنکھیں بند کیے رکھتے تھے۔ زبردستی وصول کی جانے والی رقم کو بھتہ نہیں بلکہ ایکسٹارشن کہا جاتا ہے۔
چیئرمین آباد نے کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی۔
ان کے مطابق سندھ حکومت نے اپنی کوتاہی چھپانے کے لیے تمام زیر تعمیر عمارتیں سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اپنے بیان میں 123 عمارتیں سیل ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
الزام ہے کہ قانونی بلڈرز کی عمارتیں بغیر کسی پیشگی نوٹس اور شوکاز نوٹس کے سیل کی جا رہی ہیں، اور مختیارکاروں اور بلڈنگ کنٹرول افسران نے قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کیے بغیر عمارتیں سیل کر دیں۔
چیئرمین آباد کے مطابق قانونی بلڈرز اور ان کے عملے کو دفاتر سے نکال کر بے عزت کیا گیا، جو تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت پاکستان میں روزگار فراہم کرنے والے بڑے شعبوں میں شامل ہے۔
حنیف گوہر نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے پورشن مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور قانون کے مطابق تعمیرات کرنے والے بلڈرز کو تحفظ فراہم کیا جائے۔











