نوشہرہ: مولانا فضل الرحمن کی گرفتاری کے خلاف جے یو آئی کا احتجاج، کارکن حراست میں

نوشہرہ: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی گرفتاری اور نظربندی کے خلاف احتجاج کے لیے نکلنے والے جے یو آئی نوشہرہ کے ضلعی امیر مولانا تاج قادر، جمعیت بزنس فورم کے صوبائی کنوینئر الحاج پرویز خٹک اور سابق ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی حاکم علی حقانی سمیت متعدد کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا اور مقامی قیادت کی کال پر کارکن ٹولیوں کی صورت میں شوبرا چوک نوشہرہ کینٹ پہنچے اور ضلعی قیادت کا انتظار کرنے لگے۔ وہاں پہلے سے موجود پولیس کی بھاری نفری نے ضلعی امیر مولانا تاج قادر، پرویز خٹک اور دیگر کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
سابق ضلعی جنرل سیکرٹری اور ممبر صوبائی شوریٰ مفتی حاکم علی حقانی کو احتجاج میں شرکت کے لیے آتے ہوئے نوشہرہ مردان روڈ پر کابل ریور کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید محب اللہ شاہ، سینئر رکن مفتی امتیاز علی حقانی اور دیگر کارکنوں نے مقامی مدرسے سے نکل کر مدرسے کے سامنے نعرے بازی کی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس دوران نوشہرہ کی شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔











