بیرسٹر گوہر اور آفتاب شیرپاؤ کا مولانا فضل الرحمٰن سے رابطہ، گرفتاریوں کی مذمت

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان اور سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کی نظر بندی کی کوششوں اور جے یو آئی کے رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمٰن اور جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے گرفتار سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ان کی نظر بندی کی کوششوں اور جمعیت علمائے اسلام کے قائدین و کارکنوں کی گرفتاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری حکومت میں سیاسی جماعتوں کو عوام سے رابطوں سے روکنا اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ان کے جمہوری کردار کی ادائیگی سے روکنا جمہوریت کے لیے کسی طور بھی نیک شگون نہیں، اور انہیں آئینی و جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے اور عوام تک اپنا مؤقف پہنچانے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے مولانا فضل الرحمٰن سمیت تمام گرفتار سیاسی قائدین اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے بھی مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کے خلاف جاری مہم اور نظر بندی کی کوششوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر انتقامی کارروائیاں اور کردار کشی انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو عوام سے رابطے اور اپنا سیاسی مؤقف پیش کرنے کے حق سے محروم کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل پابندیوں اور گرفتاریوں کے بجائے سیاسی مکالمے اور جمہوری طرزِ عمل سے تلاش کیا جانا چاہیے۔











