شوہر کی بے وفائی سب سے بڑا دھوکا، رشتہ پہلے جیسا نہیں رہتا: حنا بیات

کراچی: پاکستان کی سینئر اداکارہ اور میزبان حنا خواجہ بیات نے ازدواجی زندگی، خواتین کی خودمختاری اور میاں بیوی کے درمیان اعتماد کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوہر کی بے وفائی بیوی کے لیے سب سے بڑا دھوکا ہے، جس کے بعد رشتے میں پہلے جیسی قربت اور مضبوطی برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ایک حالیہ مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے حنا بیات نے کہا کہ خواتین کو اپنی زندگی میں خود کو مصروف اور فعال رکھنا چاہیے اور اپنی تمام خوشیوں اور سرگرمیوں کا انحصار شوہر کے وقت پر نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے ایک جوڑے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ شادی کے ابتدائی دو برس کے اندر طلاق ہو گئی، جس کی وجہ شوہر کی جانب سے بیوی کو مناسب وقت نہ دینا بتائی گئی۔ ان کے مطابق شوہر کام پر جاتا ہے تو اسے اپنی ملازمت اور بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں پر بھی توجہ دینا ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ خواتین ملازمت نہ بھی کر سکیں تو انہیں فلاحی کاموں یا کسی مثبت سرگرمی میں حصہ لینا چاہیے تاکہ ان کی اپنی شخصیت اور زندگی کا بھی ایک مقصد ہو۔
ازدواجی زندگی میں ناجائز تعلقات کے حوالے سے حنا بیات نے کہا کہ بے وفائی کسی صورت قابل قبول نہیں، کیونکہ یہ شریک حیات کی عزت نفس اور جذباتی تحفظ کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں بیوی کا رشتہ صرف جسمانی تعلق نہیں بلکہ گہری جذباتی وابستگی اور اعتماد پر قائم ہوتا ہے۔ جب اس اعتماد کو دھچکا پہنچتا ہے تو رشتے کی بنیاد کمزور ہو جاتی ہے۔
حنا بیات کے مطابق شوہر کی بے وفائی سے بیوی کی خود اعتمادی اور عزت نفس متاثر ہوتی ہے اور اسے محسوس ہوتا ہے کہ اسے دھوکا دیا گیا اور نظر انداز کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعے کے بعد میاں بیوی کے درمیان پہلے جیسی محبت اور قربت دوبارہ قائم ہونا آسان نہیں ہوتا۔











