وزیراعظم شہباز شریف سے او آئی سی سیکرٹری جنرل کی ملاقات، مسلم امہ کے چیلنجز پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے ملاقات کی، جس میں مسلم امہ کو درپیش اہم مسائل، خطے میں امن و استحکام اور فلسطین و جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کے پہلے دورہ اسلام آباد پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے اتفاق رائے سے اسماعیل ولد الشیخ احمد کا انتخاب ان کی قیادت پر رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔
ملاقات کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابلِ قدر کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد موقع حاصل ہے۔ انہوں نے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے والی مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تنظیم کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے، اور پاکستان اس مقصد کے لیے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔











