کرکٹ آسٹریلیا کا 2018 کے جنوبی افریقہ دورے کی تحقیقات کے لیے آزاد فورم کا اعلان

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے 2018ء کے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران پیش آنے والے واقعات اور اس کے بعد ہونے والی تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے انڈیپنڈنٹ فورم کے ٹی او آرز جاری کر دیے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق انڈیپنڈنٹ فورم کی سربراہی آزاد بیرسٹر فیونا میکلیوڈ کریں گی، جنہیں حساس نوعیت کی تحقیقات اور قومی اہمیت کے معاملات میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
فورم میں 2018ء کے دورہ جنوبی افریقہ میں شامل تمام آسٹریلوی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، جبکہ اس وقت کے کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداروں سمیت بورڈ ڈائریکٹرز بھی اپنا موقف پیش کر سکیں گے۔
فورم میں شرکت رضاکارانہ ہوگی اور کسی کو شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ شرکا ذاتی طور پر آن لائن یا تحریری بیانات اور متعلقہ دستاویزات کے ذریعے اپنا موقف پیش کر سکیں گے۔
انڈیپنڈنٹ فورم چھ ہفتوں تک کام کرے گا۔ فورم کو فراہم کی جانے والی تمام معلومات خفیہ رکھی جائیں گی، البتہ متعلقہ شرکا اس کے برعکس اجازت دے سکتے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں کسی کے خلاف ماضی کے واقعات پر کوئی پابندی یا سزا عائد نہیں کی جائے گی۔ آزاد بیرسٹر کی رپورٹ اور سفارشات مکمل طور پر شائع کی جائیں گی۔ بورڈ رپورٹ موصول ہونے کے 30 روز کے اندر اپنی سفارشات پر ردعمل اور آئندہ اقدامات کا اعلان کرے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون کا کہنا ہے کہ فیونا میکلیوڈ کی سربراہی میں قائم فورم تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کو محفوظ ماحول میں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق یہ فورم واقعات کو سمجھنے، متعلقہ افراد کی بات سننے اور ماضی سے سبق سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ اور سفارشات مکمل شائع کرنا شفافیت کے عزم کا حصہ ہے۔ فورم کا مقصد کسی کو سزا دینا یا مورد الزام ٹھہرانا نہیں بلکہ حقائق جاننا اور ان سے سیکھنا ہے۔











