آئی ایل ٹی20: بابر اعظم پھر ناکام، ڈیزرٹ وائپرز سپر اوور میں شکست کھا گئے

ابو ظہبی: بابر اعظم مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ہو گئے، جس پر اسٹیڈیم میں نعرے لگاتے مداحوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایل ٹی20 میں 3 پاکستانی کھلاڑیوں سے مزین ٹیم ڈیزرٹ وائپرز ٹائی میچ کے بعد سپر اوور میں شکست کھا گئی۔
ابوظبی میں 187 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز نے بھی 186 رنز بنائے اور اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے 29 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے۔
بابر اعظم کے مداح بڑی تعداد میں شیخ زید اسٹیڈیم پہنچے، تاہم بابر اعظم 13 گیندوں کا سامنا کرکے ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز تک محدود رہے۔
کپتان شاداب خان پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ راشد خان اور کرس جورڈن نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں حریف ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایم آئی ایمرٹس نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 186 رنز بنائے۔ نکولس پوران نے 89 رنز ناٹ آؤٹ اور کوشل پریرا نے 76 رنز بنائے، جب کہ شاداب خان نے 41 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
سپر اوور میں ڈیزرٹ وائپرز 8 رنز بنا سکی، جس میں شاداب خان بطور اوپنر ایک رن بنا سکے۔ فاتح ٹیم نے آخری گیند پر پوران کے چھکے کی بدولت ہدف حاصل کر لیا۔











