فلسطین سے یکجہتی کا عالمی دن: عالمی برادری بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطین کے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
فلسطین کے عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے، بے دخلی اور تشدد کے مسلسل ادوار کے سنگین نتائج بھگت رہے ہیں۔ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کی آزادی، وقار اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
غزہ میں انسانی مصائب کی شدت، شہری بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی، جبری بے دخلی اور مسلسل انسانی بحران عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین پر ہمیشہ اصولی اور غیر متزلزل مؤقف اختیار کیا ہے۔ پاکستان غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سات دیگر عرب اور اسلامی ممالک کے ہمراہ اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کی حمایت کر چکا ہے۔
اس اقدام سے فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت اور ریاستی تشخص کے حصول کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کی راہ ہموار ہوئی۔
غزہ اور جنگ بندی
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ غزہ کے عوام تک انسانی امداد بلا رکاوٹ پہنچائی جا سکے اور غزہ کی تعمیرِ نو کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جا سکے۔
پاکستان مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے کسی بھی حصے کو ضم کرنے، جبری بے دخلی یا ان کے جغرافیائی اور آبادیاتی تشخص میں تبدیلی کی کسی بھی کوشش کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے۔
پاکستان مسجدِ اقصیٰ الحرم الشریف میں اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں اور القدس کی تاریخی و قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کے مطابق اپنے پختہ عزم پر قائم ہے۔ ایسے حل کے تحت جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانا، نیز فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر مبہم حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطین کے عوام کی آزادی، انصاف اور ریاستی تشخص کے حصول سے متعلق جائز امنگوں کی تکمیل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل مشرقِ وسطیٰ میں جامع اور دیرپا امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔











