لسبیلہ: کمشنر سائرہ عطاء کا وندر ڈیم منصوبے کا دورہ، کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

وندر: 10 نومبر کو کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے وندر ڈیم منصوبے کا دورہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر (PD) انجینئر ناصر مجید اور ڈپٹی پی ڈی نوابزادہ جنید گچکی نے انہیں منصوبے کے معاشی و تکنیکی پہلوؤں، مختلف حصوں، تعمیراتی پیش رفت، موجودہ صورتحال اور تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
منصوبے کی اہمیت
پراجیکٹ ڈائریکٹر وندر ڈیم پروجیکٹ انجینئر ناصر مجید نے بریفنگ میں بتایا کہ وندر ڈیم حکومت پاکستان کے تعاون سے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں ریفلیکٹ ہونے والا انتہائی اہم پروجیکٹ ہے۔ اس پروجیکٹ پر کام 2021 سے جاری ہے۔
کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وندر ڈیم سے نہ صرف زرعی انقلاب آئے گا بلکہ 10 ہزار ایکڑ زمین پر کاشت کاری ممکن ہو گی، بلکہ پورے علاقے کو پینے کا صاف پانی بھی مہیا ہو گا۔ ڈیم کی تعمیر سے زیر زمین پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگا اور کسان یقینی طور پر اپنے کمانڈ ایریاز میں اضافہ کریں گے اور زیادہ زرعی پیداوار حاصل کریں گے۔
اس ڈیم کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈیم کی لمبائی 1.5 کلومیٹر اور گہرائی 41 میٹر ہے، اور ڈیم کا کنوینس سسٹم 20 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے جو 4 ڈسٹری بیوٹریز پر مشتمل ہے۔
اس اہم آبی ذخیرے کی بروقت تکمیل سے نہ صرف ضلع لسبیلہ بلکہ پورے صوبے کی سوشیو اکنامک کنڈیشن پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے اور ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔
کمشنر کی ہدایات
اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وندر ڈیم لسبیلہ کے عوام بالخصوص زراعت، آبپاشی اور علاقے کی معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے۔
کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے اور تمام امور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ عوام اس اہم منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











