ہرنائی: شارگ اسکول میں علامہ اقبال کا یومِ ولادت پروقار تقریب سے منایا گیا

شارگ: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہرنائی غلام حیدر ترین کے احکامات اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر حاجی محمد یونس ملازئی کی ہدایات کی روشنی میں گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول شارگ میں شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کی مناسبت سے پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں طلباء اور اساتذہ نے بھرپور اور پرجوش انداز میں شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی اسکول کے سینئر استاد حفیظ اللہ جاموٹ تھے، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکنڈ ہیڈ ماسٹر سید زاہد شاہ نے انتہائی خوبصورتی سے نبھائے۔ تقریب میں گورنمنٹ مڈل اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالغفور نے بھی خصوصی شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ اور طلباء نے مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کی حیات، ان کی گراں قدر علمی و ادبی خدمات اور نظریہ پاکستان کے فروغ کے لیے ان کی لازوال کوششوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے افکار نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں مولانا عطاء الحق حقانی نے علامہ اقبال کے بلندیِ درجات، ملک و ملت کی سلامتی اور امن و ترقی، نیز اساتذہ و طلباء کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا فرمائی، جس کے ساتھ ہی یہ یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان










