جنگ کا خاتمہ طاقت یا پابندیوں سے نہیں ہوگا، امریکا ایران کے مطالبات تسلیم کرے: عراقچی

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کا خاتمہ نہ فوجی طاقت سے ممکن ہے اور نہ پابندیوں میں اضافے سے۔
ان کے مطابق اس کے لیے امریکا کو ایران کے مطالبات اور شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔
قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقچی نے کہا کہ جنگ ختم کرنے کا راستہ طاقت کے استعمال کے بجائے احترام کی زبان اختیار کرنے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایران کے مطالبات اور شرائط پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ محض فوجی کارروائیوں یا معاشی دباؤ سے تنازع ختم نہیں کیا جا سکتا۔
ان کے مطابق جنگ کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ احترام اور سنجیدگی سے بات چیت کرے اور تہران کے پیش کردہ مطالبات پر عمل کرے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔
تاہم ایرانی وزیر خارجہ نے ان مطالبات اور شرائط کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔ واشنگٹن کی جانب سے ان کے تازہ بیان پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔











