دکی: ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی کی صدارت میں سرکاری ملازمین کی تاریخِ پیدائش کی درستگی پر اجلاس

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت سرکاری ملازمین کے SAP سسٹم میں تاریخِ پیدائش (Date of Birth) کی درستگی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی دکی محمد یونس رضا، مختلف سرکاری محکموں کے متعلقہ افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کی تاریخِ پیدائش میں درستگی کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں اور کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ سرکاری ریکارڈ، دستاویزی شواہد اور دیگر ضروری کوائف کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
ہر کیس کو انفرادی طور پر متعلقہ قانونی، مالی اور محکمانہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں زیرِ غور لایا گیا تاکہ ریکارڈ میں کسی بھی قسم کی غلطی یا بے ضابطگی کی نشاندہی کرکے اسے قواعد کے مطابق درست کیا جا سکے۔
متعلقہ افسران کو ہدایات
ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاریخِ پیدائش کی درستگی کے تمام معاملات میں شفافیت، میرٹ اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔
کسی بھی درخواست پر کارروائی کرتے وقت مستند دستاویزات اور اصل سرکاری ریکارڈ کی مکمل تصدیق یقینی بنائی جائے، تاکہ سرکاری ملازمین کا ڈیٹا درست اور مستند بنیادوں پر مرتب کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے زیرِ التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے ضروری اقدامات کریں اور SAP سسٹم میں ملازمین کے کوائف کی درستگی اور یکسانیت برقرار رکھنے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو یقینی بنائیں۔
اجلاس کا مقصد سرکاری ملازمین کے سروس ریکارڈ کو درست، شفاف اور مستند بنانا اور انتظامی امور میں بہتری لانا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











