ٹیسلا سائبر ٹرک کی پروڈکشن 2027 کے وسط تک بتدریج بند، ایلون مسک کا اعلان

واشنگٹن: الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں منفرد شناخت رکھنے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کو اپنے ایک بڑے منصوبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مستقبل کے پک اپ ٹرک کے طور پر متعارف کرایا گیا سائبر ٹرک صارفین کی توقعات کے مطابق مقبولیت حاصل نہیں کر سکا، جس کے بعد کمپنی نے اس کی پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع کمپنی کے کارخانے میں سائبر ٹرک کی پروڈکشن 2027 کے وسط تک بتدریج بند کر دی جائے گی۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اس فیصلے سے کمپنی کو اپنی خودکار ٹیکسی سائبرکیب کی پروڈکشن بڑھانے میں مدد ملے گی۔ سائبرکیب ٹیسلا کے مستقبل کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، جس کے ذریعے کمپنی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ٹیکسیوں کا نیٹ ورک قائم کرنا چاہتی ہے۔
فروخت میں مسلسل کمی
کمپنی نے سائبر ٹرک کو روایتی پک اپ ٹرکوں کے مقابلے میں جدید متبادل کے طور پر پیش کیا تھا، تاہم اس کی فروخت مسلسل توقعات سے کم رہی۔ آٹوموٹو ڈیٹا پلیٹ فارم کیلی بلیو بک کے مطابق ٹیسلا نے 2025 میں امریکا میں صرف 20 ہزار 237 سائبر ٹرک فروخت کیے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 38 ہزار 965 تھی۔ اس طرح ایک سال میں فروخت میں 48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایلون مسک نے 2023 میں سائبر ٹرک کی پروڈکشن شروع ہونے کے قریب سالانہ ڈھائی لاکھ گاڑیاں فروخت کرنے کا ہدف ظاہر کیا تھا، تاہم کمپنی اس کے قریب بھی نہیں پہنچ سکی۔ ایسٹن مارٹن کے سابق چیف ایگزیکٹو اینڈی پامر کے مطابق جب کوئی گاڑی فروخت کے اہداف حاصل نہ کر پائے تو اس کی پروڈکشن جاری رکھنا کاروباری لحاظ سے مناسب نہیں رہتا۔
تنقید اور تکنیکی مسائل
سائبر ٹرک 2019 میں پہلی بار متعارف کرائے جانے کے بعد اپنے نوکیلے ڈیزائن اور اسٹین لیس اسٹیل کے بیرونی ڈھانچے کی وجہ سے بحث کا موضوع رہا۔ رونمائی کے دوران ایلون مسک نے شیشوں کو ناقابلِ شکست ثابت کرنے کے لیے ان پر دھاتی گیندیں پھینکوائیں، تاہم دو شیشوں میں بڑے کریک پڑ گئے تھے۔
امریکی ادارے نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق فروخت شروع ہونے کے بعد سے سائبر ٹرک کو 11 مرتبہ مختلف مسائل کی وجہ سے واپس منگوانا پڑا۔ بعض گاڑیوں میں فزیکل مرمت کی ضرورت پیش آئی، جبکہ دیگر مسائل سافٹ ویئر اپ ڈیٹس سے حل کیے گئے۔
آٹوموٹو تجزیہ کار فیلپے منوز کے مطابق سائبر ٹرک کی کم فروخت کو صرف کمپنی کی ناکامی قرار دینا درست نہیں، کیونکہ امریکا میں الیکٹرک پک اپ ٹرک مجموعی طور پر بھی زیادہ مقبولیت حاصل نہیں کر سکے۔ فورڈ سمیت دیگر کمپنیوں کی الیکٹرک پک اپ گاڑیاں بھی امریکی مارکیٹ میں کامیاب نہیں ہوئیں۔ یورپ میں پیدل چلنے والوں کی حفاظت سے متعلق سخت ضوابط ہیں، جن پر سائبر ٹرک کا ڈیزائن پورا نہیں اترتا۔
ٹیسلا اب اپنی توجہ اے آئی، روبوٹکس اور خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی پر مرکوز کر رہی ہے۔ سائبرکیب دو نشستوں والی خودکار ٹیکسی ہے، جس میں اسٹیئرنگ وہیل، پیڈلز اور سائیڈ مررز موجود نہیں۔ اس کی پروڈکشن ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔
کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ سائبر ٹرک کی پروڈکشن کسی دوسرے کارخانے میں منتقل کی جائے گی یا اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ ایلون مسک نے ایکس پر ایک صارف کے جواب میں سائبر ٹرک کو ٹیسلا کی اب تک کی بہترین گاڑی قرار دیا، جبکہ اس کی پروڈکشن ختم کرنے کے فیصلے کو ایک دور کا اختتام کہا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایلون مسک کی کاروباری سلطنت کو بھی مالی دباؤ کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کی کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں رواں ہفتے 180 ارب ڈالر سے زیادہ کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔











