بیلا حدید کا صحت سے متعلق انکشاف، متعدد بیماریوں میں مبتلا ہونے کا اعتراف

نیویارک: معروف امریکی ماڈل بیلا حدید نے اپنی صحت سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لائم ڈیزیز کے علاوہ متعدد دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہیں، جو ان کی روزمرہ زندگی اور ماڈلنگ کیریئر کو متاثر کرتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں 30 سالہ ماڈل نے بتایا کہ وہ پوسچرل آرتھوسٹیٹک ٹیکی کارڈیا سنڈروم، پری مینسٹرول ڈسفورک ڈس آرڈر اور اینڈومیٹریوسس کا شکار ہیں۔ ان بیماریوں کے باعث دل کی دھڑکن میں غیر معمولی تیزی، ماہواری کے دوران شدید تکلیف اور جسمانی و ذہنی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ریمپ پر خوفناک واقعہ
بیلا حدید نے بتایا کہ ایک مرتبہ ریمپ پر واک سے قبل اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ماڈل کے مطابق اچانک طبیعت خراب ہونے سے ان کے اعتماد پر بھی اثر پڑتا ہے، تاہم اب وہ اپنی جسمانی استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کام سے متعلق فیصلے کرتی ہیں۔











