آئندہ سال سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے سے زائد اضافے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان میں آئندہ سال سے بجلی کی بنیادی ٹیرف میں ایک روپے سے زائد اضافے کا امکان ہے۔ خطے میں کشیدگی کی صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں بنیادی قیمت 4 روپے فی یونٹ تک بھی بڑھ سکتی ہے۔
نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی، فیصلہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران سی پی پی اے نے پاور پرچیز پرائس مقرر کرنے سے متعلق چھ منظرنامے پیش کیے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کیپٹو پاور نکلنے کے بعد ایسا کیا ہوگا کہ ڈیمانڈ بڑھ جائے گی۔
سی پی پی اے کے مطابق گزشتہ چھ ماہ سے عالمی سطح پر ایک غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں مستقبل کے تخمینے لگانا مشکل ہے۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف کے 27 روپے 9 پیسے رہنے کا تخمینہ ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق اس وقت فیول کاسٹ کی مد میں بجلی کی قیمت بڑھنا جنگ کا نتیجہ ہے، ایندھن کی صورتحال بہتر ہونے سے حالات بہتر ہو جائیں گے۔ رواں سال ایندھن کی قلت اور مہنگی دستیابی کے باعث لوڈ شیڈنگ بھی کی گئی۔
درآمدی کوئلے کے نرخ میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے، جبکہ ایل این جی بھی کروڈ سے منسلک ہے۔ قیمتوں کے جس فرق کا سامنا ہے اسے مدنظر رکھ کر بنیادی قیمت کا تعین کیا گیا ہے۔ بجلی کی طلب میں اضافے سے بڑا چیلنج درآمدی فیول کی قیمتیں ہیں۔











