پیٹرولیم لیوی میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر کمی کا امکان، نیا فارمولا جاری

اسلام آباد: حکومت نے صارفین پر پیٹرولیم لیوی کا بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ پیٹرولیم ڈویژن نے آئل ریفائنریز کے لیے قیمتوں کے تعین کا نیا فارمولا جاری کر دیا ہے۔
نئے فارمولے کے تحت ریفائنریز بھی پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں فی لیٹر حصہ ڈالیں گی۔ رپورٹ کے مطابق درآمدی کارگو پر ایکسیڈینٹل چارجز مارچ سے پہلے کی سطح پر مقرر ہوں گے، اور اس سے حاصل ہونے والی بچت پیٹرولیم لیوی کم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
ریفائنری ذرائع کے مطابق اس اقدام سے پیٹرولیم لیوی میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر کمی ممکن ہے، تاہم ریفائنریز کو فی لیٹر 30 روپے سے زائد نقصان کا خدشہ ہے۔
نئے فارمولے کے تحت پیٹرول کی درآمدی قیمت کا تعین پی ایس او کے اصل درآمدی کارگو کی لاگت پر ہوگا۔ اصل لاگت دستیاب نہ ہونے کی صورت میں آخری کارگو کا پریمیم اور اضافی اخراجات استعمال کیے جا سکیں گے۔
آئل ریفائنریز آئندہ 30 روز تک پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 7 مارچ 2026 کی سطح پر مقرر کر سکیں گی۔ پریمیم، اضافی اخراجات اور کسٹمز ڈیوٹی بھی اسی سطح پر برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق درآمدی اور ایکس ریفائنری قیمت کے فرق کی رقم ریفائنریز کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کرانا ہوگی۔ لیوی میں ردوبدل کا فائدہ صرف پیٹرول صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے تمام آئل ریفائنریز کو خطوط ارسال کر کے روزانہ پیٹرول کی فروخت کی تفصیلات اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فروخت کی رپورٹس کے ساتھ سی پی آرز اور چالان بھی جمع کرانا ہوں گے۔ اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن اضافی لیوی کی ادائیگیوں اور حسابات کی تصدیق کریں گے۔
دوسری جانب ریفائنری ذرائع نے حکومتی فیصلے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اس پر نظرثانی کے لیے خط لکھنے کا اعلان کیا ہے۔











