بیرسٹر گوہر: سیاسی تنائو مزید نہ بڑھایا جائے، مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جائے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ یہ عجیب منطق ہے کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں۔ سیاسی تنائو مزید نہیں بڑھنا چاہیے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خوشی ہے کہ عدالت نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے بھجوا دیا ہے۔ ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جو سب کے لیے یکساں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک ملاقات اور علاج کا مطالبہ تھا، لیکن عدالتی فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ سیاسی انتقام کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اور ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ روز وکیل کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، اگر یہ ملاقات پہلے ہو جاتی تو اتنا مسئلہ پیدا نہ ہوتا۔ سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مقدمات سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کی باتیں کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں کب ملاقات کی پیشکش کی گئی، ہم آج بھی ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ ہونے چاہئیں، ہم نے کبھی مذاکرات کی مخالفت نہیں کی۔











