ہرنائی: بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کا ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، ضلعی ٹورنامنٹ پر اتفاق
ہرنائی: کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی اور نوجوانوں کو مثبت روزمرہ کی طرف راغب کرنے کے لیے اہم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے صدر فضل الرحمن کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی سے ان کے دفتر میں ایک اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ضلع میں بیڈمنٹن کے کھیل کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینے، موجودہ سپورٹس ہالز اور کورٹس کی حالتِ زار کو بہتر بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل پر جامع گفتگو کی گئی۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بیڈمنٹن کورٹس کی مرمت، انڈور ہالز کی تزئین و آرائش اور معیاری سامانِ کھیل کی کمی سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ہرنائی کے تلخ و تند حالات کے برعکس نوجوانوں میں صحتمندانہ مقابلوں کا رجحان پیدا کرنے کے لیے جلد ایک جامع ضلعی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں منفی سرگرمیوں سے بچا کر کھیلوں کے میدانوں کی طرف لانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے تمام مثبت اقدامات کی مکمل سرپرستی کی جائے گی۔
ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ہرنائی کے بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کر کے ان کی تربیت کی جائے گی تاکہ وہ بلوچستان اور قومی سطح کے مقابلوں میں ضلع کا نام روشن کر سکیں۔
بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر فضل الرحمن نے ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی جانب سے کھیلوں کی سرپرستی اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات سے علاقائی سطح پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور بیڈمنٹن کے کھیل کو ایک نئی زندگی ملے گی۔











