لسبیلہ: آر سی ڈی شاہراہ پر حادثات کی روک تھام کے لیے ڈیٹا کلیکشن کمیٹی قائم
لسبیلہ: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی زیرصدارت لیڈا کانفرنس ہال میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر سی ڈی شاہراہ پر شرح حادثات کی ڈیٹا کلیکشن کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی سی لسبیلہ حمیرا بلوچ، ایس پی لسبیلہ نجیب پندرانی، ایس پی حب مرزا بلال حسن، اے ایس پی عدنان بشیر، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ایس پی، ضلع لسبیلہ کے ضلعی ناظم صحت، ریسکیو 1122 کے مانیٹرنگ آفیسر دھنیش کمار لیاری اور وندر کے ریسکیو انچارج وسیم اور فاروق بھی شریک ہوئے۔
زیرو پوائنٹ حادثہ اور ریسکیو اقدامات
اجلاس میں اوتھل زیرو پوائنٹ حادثے کی وجوہات اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے میکانزم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریسکیو 1122 اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ زیرو پوائنٹ حادثے پر فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں 39 ریسکیو مراکز ہیں، جن میں سے پانچ ضلع لسبیلہ اور حب میں ہیں۔ اکتوبر تک ٹریفک حادثات میں 204 مسافروں کو ریسکیو فرسٹ ایڈ دینے کے باوجود ان کی جانیں موقع پر ہی چلی گئیں۔
روک تھام کے فیصلے
اجلاس کے شرکاء نے آر سی ڈی ہائی وے پر پی ٹی کنٹریکٹرز کی مشینری، ہائی وے پر غلط پارکنگ اور ڈرائیوروں کی اوورٹیکنگ کو حادثات کی بنیادی وجوہات قرار دیا۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف ڈبلیو او، موٹروے اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جوائنٹ میٹنگ جلد بلائی جائے گی۔
اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے انٹری پوائنٹس سے مسافروں کی اوورلوڈنگ روکی جائے گی۔ اس سلسلے میں فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی اور انہیں پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنی گاڑیوں سے ہیوی سرچ لائٹس فوری طور پر ہٹا دیں۔
کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے کہا کہ شہریوں کے لیے محفوظ سفر یقینی بنانا اور ان کی جان کی سلامتی انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اگر کوئی ٹرانسپورٹر آر ٹی اے ایکٹ کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
کمشنر لسبیلہ نے آر سی ڈی ہائی وے پر موٹرسائیکلوں کے ذریعے پٹرول کی ترسیل پر فوری پابندی اور کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے۔











