ہنگو کے علاقے سروخیل میں گھر کے اندر فائرنگ، دو خواتین اور تین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق

ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے سروخیل میں پیر کے روز ایک گھر کے اندر فائرنگ سے دو خواتین اور تین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صلاح الدین کنڈی کے مطابق واقعہ تھانہ دوآبہ کی حدود میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں نور رحمان، ان کی دو بیویاں، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
پولیس نے لاشیں قانونی کارروائی کے لیے دوآبہ ہسپتال منتقل کر دیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق فائرنگ کے حالات اور محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے اور تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اشتہار











