آبنائے ہرمز میں دو ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرائے، امریکی طیارہ بردار جہاز خطے میں پہنچ گیا

تہران، واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے دعوے کے مطابق آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستے کے ذریعے خفیہ طور پر گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس سے دونوں جہازوں میں دھماکے ہوئے اور شدید آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں ٹینکرز نے اپنے نیویگیشن اور خودکار شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور آبنائے ہرمز کے ممنوعہ جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد اسی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو دیگر آئل ٹینکرز ایرانی بحریہ کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کی وارننگ پر عمل کرتے ہوئے واپس خلیج فارس کی جانب روانہ ہو گئے۔
ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے لیے پیشگی اجازت لینا اور مقررہ محفوظ بحری راستوں کا استعمال لازمی ہے، جبکہ جنوبی راستے کو غیر مجاز اور خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
امریکی فوجی موجودگی میں اضافہ
دوسری جانب امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی مزید بڑھا دی ہے۔ امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ بھی خطے میں پہنچ گیا ہے، جس کی آمد کو خطے میں امریکی فوجی تیاریوں میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے معاشی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے نئے حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ایران کا ردعمل
ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا کے حملے کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے پہلے خود بھی جواب دے سکتا ہے۔ تہران کے اس بیان کے بعد خطے میں براہ راست فوجی تصادم کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔
ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایجنسی کے ساتھ تعاون میں بہتری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
بحرین میں امریکی سفارت خانے نے ایران اور یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بحرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی جانب آنے والے ایرانی حملوں کو روک لیا گیا ہے۔
خلیجی ممالک بھی خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے بحرین کو نشانہ بنانے والے ایران کے نئے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔











