جمائما گولڈ اسمتھ کا رسل برانڈ پر تشدد اور بدسلوکی کا الزام

لندن: برطانیہ کے معروف کامیڈین، اداکار، ٹی وی میزبان اور مصنف رسل برانڈ پر جمائما گولڈ اسمتھ نے تشدد، جبر اور بدسلوکی کا الزام عائد کر دیا ہے۔
برانڈ پر الزامات
اپنے بیان میں جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے دوران انہوں نے پولیس بلا کر رسل برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوایا تھا۔ بچوں کی خاطر وہ اس وقت خاموش رہیں اور قانونی کارروائی نہیں کی، اور ایک دہائی سے زائد عرصے سے برانڈ سے ان کا کوئی رابطہ نہیں۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے برانڈ کے خلاف جنسی استحصال کے مقدمے میں متاثرہ خواتین کی بہادری کو بھی سراہا۔
سلویا برکی کے خلاف عدالتی حکم
اپنے بیان میں جمائما نے تھراپسٹ سلویا برکی کے خلاف ہراسانی کے عدالتی حکم کا پس منظر بھی بیان کیا۔ ان کا الزام ہے کہ برکی نے انہیں یہود مخالف پیغامات، قتل کی دھمکیاں اور نفرت انگیز ای میلز بھیجیں اور ان کے بچوں، خاندان، دفتر، صحافیوں اور یونیسف تک کو نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ برکی نے اغوا، پولیس کو رشوت دینے اور جج کو خریدنے جیسے بے بنیاد الزامات بھی لگائے۔ ہائی کورٹ نے برکی کی ہراسانی کی مہم کو ظالمانہ اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے حکم مستقل کر دیا۔
جمائما کے مطابق وہ عدالتی حکم میں ترمیم پر رضامند ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ ہراسانی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، تاہم انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ رسل برانڈ کو بالآخر انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔ رسل برانڈ اور جمائما گولڈ اسمتھ کے درمیان ماضی میں ذاتی تعلق رہا ہے۔











