شانشی میں آتشزدگی: وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے تعزیت، صدر مملکت کا بھی اظہارِ افسوس

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صوبے شانشی میں رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے واقعے پر چینی صدر شی جن پنگ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے حکومت اور عوام کی جانب سے چینی صدر اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ان کے بقول دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کی ہمدردیاں چین کے عوام کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں چین کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور شانشی کے عوام اور قیادت کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
خبر کے مطابق شانشی میں بلند رہائشی عمارت میں اتوار کی شام آگ لگی، جس میں 14 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چینی حکام اور متاثرین سے تعزیت کی ہے۔











