کوئٹہ: وفاقی محتسب کے فیصلے پر جمعہ خان کا بلاک شناختی کارڈ بحال
کوئٹہ: درخواست گزار جمعہ خان نے بتایا کہ ان کے خاندانی ریکارڈ میں دو غیر متعلقہ افراد شامل ہو گئے تھے، جن کی وجہ سے ان کے قومی شناختی کارڈ بلاک ہو چکے تھے۔
ان افراد کو خاندانی ریکارڈ سے نکلوانے اور شناختی کارڈ کی بحالی کے لیے وہ متعدد بار کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ تمام ثبوت پیش کیے، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
لہذا انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کے خلاف درخواست دائر کی۔
درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔ سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔
وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کے خاندانی ریکارڈ سے غیر متعلقہ اشخاص کو نکال کر ان کے کارڈ بحال کیے جائیں۔
احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کا بلاک شناختی کارڈ بحال کر دیا اور غیر متعلقہ اشخاص کو خاندانی ریکارڈ سے نکال دیا۔
اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔











