کوئٹہ: میٹروپولیٹن جائیدادوں، پراپرٹی ٹیکس اور کرایوں کا جائزہ اجلاس میں لیا گیا

کوئٹہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ حافظ محمد طارق کی زیرِ صدارت میٹروپولیٹن پراپرٹی ٹیکس اور کرایہ پر حاصل شدہ عمارتوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فائر بریگیڈ پلازہ سمیت شہر بھر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیتی جائیدادوں، پراپرٹی ٹیکس اور مختلف عمارتوں و دکانوں سے حاصل ہونے والے کرایوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے جائیدادوں کے ریکارڈ، ٹیکس وصولی، کرایوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری املاک کا درست ریکارڈ تیار کرنے، واجبات کے تجزیے اور ریونیو امور کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حافظ محمد طارق نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام جائیدادوں، کرایہ داری اور پراپرٹی ٹیکس سے متعلق مکمل تفصیلات مرتب کرکے پیش کی جائیں تاکہ ریونیو امور کو شفاف اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔











