موسیٰ خیل: تحصیل درگ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کا مانیٹرنگ دورہ
موسیٰ خیل: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نادر خان اور ای پی آئی ڈویژنل آفیسر ڈاکٹر حنیف لونی نے تحصیل درگ کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔
دورے کے دوران آر ایچ سی درگ اور بی ایچ یو عبداللہ آباد کا معائنہ کیا گیا، جہاں ای پی آئی پروگرام کے تحت جاری حفاظتی ٹیکہ جات کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر آئی ایل آر کی مینٹیننس ویکسین، اسٹاک، کولڈ چین کے انتظامات، مانیٹرنگ چارٹس، سیشن پلان، مستقل رجسٹرز اور دیگر ضروری ریکارڈ و دستاویزات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ ویکسین کی مناسب اسٹوریج، کولڈ چین کی بہتری، ریکارڈ کی بروقت اور درست تکمیل اور حفاظتی ٹیکہ جات کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
فیلڈ عملے اور ویکسینیٹرز سے ملاقات کر کے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور درپیش مسائل سنے گئے۔ عملے کو ہدایت کی گئی کہ ای پی آئی کے تمام امور مقررہ معیاری طریقہ کار کے مطابق یقینی بنائے جائیں تاکہ بچوں کو معیاری اور بروقت حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دورے کا بنیادی مقصد حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید مضبوط بنانا، کولڈ چین کو بہتر کرنا، ریکارڈ کو شفاف بنانا اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانا تھا تاکہ ضلع موسیٰ خیل میں کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہے۔











