پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی تعاون میں اہم پیش رفت، سہ فریقی کمیٹی کا اجلاس متوقع

اسلام آباد: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا تیسرا اجلاس نومبر کے آخری ہفتے پاکستان میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جس میں تینوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور آرمی چیفس کی شرکت متوقع ہے، جہاں تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، دفاعی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم اجلاس وزیراعظم پاکستان کے دورہ روس سے قبل منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے سفارتی سطح پر مشاورت اور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، سیاسی روابط میں اضافے، دفاعی تعاون کے فروغ اور مشترکہ مفادات سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق سہ فریقی کمیٹی کا یہ اجلاس پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی و دفاعی روابط کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔ اس کے ذریعے باہمی تعاون کے موجودہ دائرہ کار کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
تینوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کی متوقع شرکت اس اجلاس کو سفارتی اور دفاعی سطح پر اہم بنا رہی ہے۔ تاہم اجلاس کی حتمی تاریخ، مقام اور شرکاء کی تفصیلات تحریر کے وقت تک واضح نہیں کی گئیں۔











