شمالی وزیرستان: میر علی میں مساجد کے اندر قائم دو دہشت گرد ٹھکانے ختم، بارودی مواد برآمد

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے میر علی کے جنوبی کنارے پر واقع گاؤں موزک میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کر کے مساجد میں قائم دو دہشت گرد ٹھکانے ختم کر دیے۔ پیر کو جاری بیان میں فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ کارروائی بھارت کی پراکسی قرار دی جانے والی فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) کا بڑا ذخیرہ، بم بنانے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے دانستہ طور پر مساجد میں دھماکا خیز مواد رکھا اور وہاں ٹارچر سیل بھی چلا رہے تھے۔ آئی ایس پی آر نے اسے عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے سراسر بے اعتنائی کا واضح ثبوت قرار دیا۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم ان دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔











