دکی: ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی کی صدارت میں کھاد کی ٹریکنگ سسٹم پر عملدرآمد کا اجلاس

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت حکومتِ بلوچستان، محکمہ داخلہ کے احکامات اور جاری کردہ نوٹیفکیشن کی روشنی میں پریکرسرز ٹریکنگ اینڈ ٹریسیبلٹی سسٹم (PTTS) کے نفاذ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد یونس رضا، اسسٹنٹ کمشنر لونی فتح خان بنگلزئی، محکمہ زراعت، محکمہ ریونیو، محکمہ معدنیات (مائنز) سمیت دیگر متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل اور فعالیت، کھاد کی خرید و فروخت، ترسیل اور ذخیرے کی نگرانی، رجسٹرڈ ڈیلرز کے ذریعے کھاد کی فراہمی اور تمام متعلقہ ریکارڈ کی PTTS میں باقاعدہ اندراج کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کھاد کی فروخت صرف رجسٹرڈ ڈیلرز کے ذریعے
ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے ہدایت جاری کی کہ کھاد کی خرید و فروخت صرف رجسٹرڈ ڈیلرز کے ذریعے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت کی جائے گی، جبکہ کھاد کی آمد، فروخت، ترسیل اور ذخیرے کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنا اور اسے PTTS نظام میں باقاعدگی سے درج کرنا لازمی ہوگا۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور مؤثر تعاون کے ذریعے ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اور کھاد کی خرید و فروخت، نقل و حمل اور ذخیرے کے نظام کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ کھاد کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، غیر مجاز ترسیل اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور حکومتِ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ احکامات و ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ PTTS نظام کے مؤثر نفاذ سے کھاد کی نقل و حرکت اور تقسیم کے عمل میں شفافیت، نگرانی اور قانونی ضابطوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔











