امریکا میں مڈٹرم انتخابات: پولنگ کے دوران تکنیکی خرابی اور موسمی مشکلات

نیویارک: امریکا میں مڈٹرم انتخابات میں پولنگ کا آغاز ہو چکا ہے، تاہم مختلف ریاستوں میں ووٹرز کو تکنیکی مسائل اور خراب موسم کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ووٹنگ مشینیں ایک تکنیکی خرابی کے باعث بیلٹ پیپرز قبول نہیں کر رہیں۔ اطلاعات کے مطابق آج صبح پولنگ شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد اسکینرز میں یہ مسائل پیدا ہونا شروع ہوئے۔
نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے کہا کہ ان کا دفتر اسکینر کے مسئلے کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور ریاستی و مقامی الیکشن بورڈز سے رابطے میں ہے تاکہ اس مسئلے کو جلد حل کیا جا سکے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں ووٹرز کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ویسٹ چیسٹر کے ووٹرز اب بھی محفوظ طریقے سے اپنے بیلٹ پیپرز پر کر کے پولنگ اسٹیشنز پر جمع کروا سکتے ہیں اور ان کے ووٹ گنے جائیں گے۔
موسم کے باعث مشکلات
دوسری جانب امریکا کی کئی دیگر ریاستوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور طوفان نے بھی انتخابی عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ فلوریڈا میں پیر کی رات گئے اور منگل کو ہونے والی شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث کم از کم 18 پولنگ اسٹیشنز کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا ہے۔
اوکلاہوما میں اتوار کے روز آنے والے ایک بگولے نے ایک کمیونٹی سینٹر کو شدید نقصان پہنچایا، جسے ووٹنگ کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ اس کے باعث اس پولنگ اسٹیشن کی جگہ تبدیل کرنی پڑی۔
موسم کی اس شدید خرابی کے باعث یوٹاہ کے گورنر نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور سان جوآن کاؤنٹی میں خصوصی انتظام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ووٹرز الیکٹرانک طریقے سے اپنے بیلٹ پیپرز کی درخواست کر سکتے ہیں اور جمع کروا سکتے ہیں۔
وسطی امریکا سے مشرق کی جانب بڑھنے والے طوفانی سسٹم کے پیش نظر ماہرین موسمیات نے منگل کے روز الاباما، ٹینیسی، آرکنساس اور مسیسیپی کے کچھ حصوں میں فلیش فلڈ کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔











