کوئٹہ: پشتون اضلاع کی نظراندازی پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا احتجاج کا اعلان

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سید فیض اللہ آغا نے کہا ہے کہ کیسکو سمیت وفاقی ملازمتوں میں پشتون اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں پارٹی نہ صرف آئینی و قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے بلکہ سیاسی و جمہوری طور پر جنوبی پشتونخوا کے ہر ضلع میں احتجاج بھی کرے گی۔
کیسکو اور دیگر وفاقی محکموں و اداروں کے صوبے کے کوٹہ میں پشتون اضلاع کے نوجوانوں کو ان کا حق دیا جائے، حق تلفی کی صورت میں پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو فوری طور پر اپنی نااہلی اور ناقص کارکردگی کا نوٹس لیں، عوامی مسائل حل کریں اور شہریوں کو گیس و بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔ مسلط صوبائی حکومت اور نااہل نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی سنجیدگی نہیں۔
عوام اپنی صفوں کو منظم رکھیں، پارٹی سیاسی و جمہوری احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
جلسے کی تیاریاں
2 دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے موقع پر عوام جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل سٹی کے مختلف علاقائی یونٹس کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان اجلاسوں میں ضلع کوئٹہ کے آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی، ضلع معاونین صاحب خان بڑیچ، ڈاکٹر حبیب اللہ، عمر قریش، جبار ہمدرد، غلام اولسیار، فضل ترین، سلیمان ترین، ضلع ایگزیکٹیوز و ضلع کمیٹی کے دیگر اراکین، تحصیل سیکرٹری منان نصرت، سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان اور دیگر تحصیل و علاقائی رہنماؤں زمان ہمزولے، الفت خان، حمد اللہ، مجید خان و دیگر نے آریانہ افغان، ورور پشتون، شالدرہ، بند پشتون درہ اور لاندی پشتون آباد کے علاقائی یونٹس کے اجلاسوں سے خطاب کیا۔
تمام اجلاسوں میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53ویں برسی کے سلسلے میں 2 دسمبر کو منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کو مرکزی اہمیت دی گئی اور پارٹی کارکنوں کی شرکت اور تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔











