بلوچستان: نوشکی، لورالائی اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز کے عملے نے آپریشن ردالفتنہ تھری کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں نوشکی، لورالائی، مستونگ، ڈیگاری اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، جس میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اسی دوران 9 دہشت گردوں کے چھپنے اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی سرنگیں بھی ناکارہ بنا دی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں نوشکی کے علاقے مل ایریا میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کی گئی، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
لورالائی میں پونگا پل کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں ڈیگاری اور کوہ مردار کے علاقے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
مستونگ کے علاقے وادی کرم میں مقصود آباد، گل جان بغداد اور صادق باغ کے علاقوں میں مکمل کنٹرول قائم کرنے کے لیے جاری آپریشن کے دوران 9 سرنگیں دریافت ہوئیں، جنہیں دہشت گرد چھپنے اور اسلحہ و گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ ان سرنگوں کی تلاشی اور کلیئرنس کے دوران 11 دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔
ان کارروائیوں کو مقامی لوگوں نے بھی سراہا اور سرنگوں کی نشاندہی میں سیکیورٹی فورسز کی مدد کی۔ مزید دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔











