کوئٹہ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 19 مراکز کو جرمانے اور 25 کو اصلاحی نوٹس

کوئٹہ: عوام کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کوئٹہ، دکی، خاران، خضدار اور اوستہ محمد میں اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے بیکنگ یونٹس، میٹ شاپس، بیکریز، ریسٹورنٹس، کریانہ اسٹورز سمیت متفرق کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا۔
دوران معائنہ مجموعی طور پر 19 مراکز کو جرمانے اور 25 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
کوئٹہ میں کارروائی
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے صنعتی علاقے سرکی روڈ پر گھی و کوکنگ آئل کے ڈسٹری بیوشن پوائنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ اسٹاک کے تقریباً 600 کارٹن ضبط کر لیے گئے۔ گھی اور آئل کے مجموعی طور پر 6 نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے۔
ضبط شدہ اسٹاک کی فروخت و ترسیل روک دی گئی ہے اور لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا کوئٹہ کے میکانگی روڈ اور کاسی روڈ پر فوڈ بزنس یونٹس کی انسپیکشن کے دوران ناقص صفائی، اشیاء کی غیر محفوظ اسٹوریج، تاریخوں کے اندراج میں غفلت اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر ایک بیکنگ یونٹ اور گوشت کی دکان سمیت 3 مراکز کو جرمانہ کیا گیا، جبکہ واجبات کی ادائیگی کے لیے متعدد مراکز کو حتمی نوٹسز جاری کیے گئے۔
خضدار اور اوستہ محمد میں کارروائی
خضدار میں مرکزی آر سی ڈی روڈ اور جھالاوان کمپلیکس کے اطراف کارروائی کے دوران ایک نان شاپ اور دو ریسٹورنٹس مالکان کو صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی میں غفلت، کھلے کوڑا دان، مکھیوں کی بھرمار، زنگ آلود ریفریجریٹرز اور کھانے کی غیر محفوظ اسٹوریج پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ معمولی نقائص پر 8 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری ہوئے۔
اوستہ محمد کے جناح روڈ اور سول اسپتال روڈ پر متعدد کریانہ اسٹورز، بیکریز اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے خلاف فوڈ بزنس لائسنس و رجسٹریشن کی عدم دستیابی اور ناقص صفائی پر کارروائی کی گئی۔
خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔











