قلعہ عبداللہ: امن و امان کے لیے خصوصی کریک ڈاؤن، ناکہ بندیاں اور چیکنگ تیز

قلعہ عبداللہ: ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خلیل احمد بگٹی اور اسسٹنٹ کمشنر گلستان عرفان احمد خلجی کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے خصوصی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
ناکہ بندیاں اور چیکنگ
ضلع بھر میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے مختلف اہم مقامات، شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں اور چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر گاڑیوں، مشکوک افراد اور نقل و حرکت کی سخت نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
ان کارروائیوں میں ڈی ایس پی زین اللہ خان، ایس ایچ اوز حاجی محمد رسول خان، قربان علی اور نور علی سمیت پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے، جو مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں اور چیکنگ کے ذریعے سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے میں مصروف ہے۔
کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والے عناصر، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور افغان باشندوں سے متعلق نافذ العمل قانونی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ہدایات اور عوام سے اپیل
ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی، ڈی پی او خلیل احمد بگٹی اور اسسٹنٹ کمشنر عرفان احمد خلجی کی ہدایات پر متعلقہ انتظامی اور پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے، مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام ضروری سیکیورٹی اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، چیکنگ کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا نقل و حرکت کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ مشترکہ کوششوں سے ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔











