قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے سپارکو کا پانچ روزہ تربیتی کورس مکمل

اسلام آباد (اعتماد نیوز) پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے (سپارکو) کے زیر اہتمام قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق پانچ روزہ بین الاقوامی تربیتی کورس اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ تربیتی پروگرام 2 سے 6 نومبر تک کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں قومی و بین الاقوامی ماہرین اور شرکاء نے شرکت کی۔
کورس کے دوران آفات کے خطرات کی بروقت نشاندہی، پیشگی تیاری اور ممکنہ نقصانات کم کرنے کے لیے جدید خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر خاص توجہ دی گئی۔ پروگرام میں مجموعی طور پر 13 اجلاس ہوئے، جبکہ مختلف موضوعات پر 11 تکنیکی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔ ماہرین نے سیلاب، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، شدید گرمی کی لہروں اور ابتدائی انتباہی نظام کے مختلف پہلوؤں پر شرکاء کو تربیت دی۔
تربیت کے دوران سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور جغرافیائی معلومات کے مؤثر استعمال سے آفات کے خطرات کا جائزہ لینے، متاثرہ علاقوں کی نشاندہی اور نقصانات کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حصے میں سپارکو کے ڈیزاسٹر واچ پورٹل اور اسپیس فار کلائمیٹ ویب سائٹ کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، تاکہ شرکاء ان ذرائع کی افادیت اور قدرتی آفات کی نگرانی میں ان کے کردار سے آگاہ ہو سکیں۔
کورس کا بنیادی مقصد آفات کے بعد ردعمل کے روایتی طریقہ کار کو بدل کر پیشگی تیاری، بروقت نشاندہی اور مؤثر منصوبہ بندی کو فروغ دینا تھا۔ تربیت کے ذریعے شرکاء کی استعداد کار بڑھانے اور جدید سائنسی ذرائع کو آفات سے بچاؤ کی حکمت عملی میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔
سپارکو نے اس موقع پر قدرتی آفات کے مؤثر تدارک کے لیے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان تعاون، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تربیتی پروگرام کو آفات سے نمٹنے کے لیے جدید خلائی ٹیکنالوجی اور سائنسی معلومات کے استعمال کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیا گیا۔











