اورماڑہ: مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سرکی میں بنیادی مرکز صحت کا سنگ بنیاد رکھا

اورماڑہ: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے تحصیل اورماڑہ کے دورافتادہ علاقے سرکی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاقے کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیادی مرکزِ صحت (BHU) کی تعمیر کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھا۔
یہ منصوبہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیرِ نگرانی مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت سے 24 ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے بسول اور دیگر ملحقہ دورافتادہ علاقوں کے مکینوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل و ضروریات سے آگاہی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سرکی اور ملحقہ آبادیوں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور انہیں علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی دشواری سے بھی بڑی حد تک نجات مل سکے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











