حافظ عبدالکریم کی آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ

اسلام آباد: مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ 15 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ کانفرنس کا عنوان “تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان” رکھا گیا ہے، جس میں قومی یکجہتی، ملکی استحکام، حرمین شریفین کے دفاع اور عوام کو درپیش اہم مسائل پر جماعت کا مؤقف پیش کیا جائے گا۔
انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے حافظ عبدالکریم نے مختلف کمیٹیوں کے سربراہان سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ انہیں تیاریوں میں ہونے والی پیش رفت، انتظامی امور اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے شرکاء کی آمد و رفت، استقبال، نشستوں کی ترتیب، تشہیری مہم، سکیورٹی اور دیگر انتظامی معاملات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ تمام کمیٹیاں باہمی رابطے اور مشاورت کے ساتھ کام کریں۔ انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دی جائے اور کانفرنس سے قبل تمام امور کو حتمی شکل دی جائے۔ ملک بھر سے آنے والے علمائے کرام، مشائخ، دینی و سماجی شخصیات اور جماعتی کارکنان کے استقبال، رہنمائی اور سہولیات کے لیے خصوصی انتظامات کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
حافظ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس محض ایک اجتماع نہیں بلکہ پاکستان کے استحکام، قومی یکجہتی، حرمین شریفین کے دفاع اور آئینی و جمہوری اداروں کی مضبوطی کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس اجتماع میں قومی، سیاسی، مذہبی اور سماجی مسائل پر جماعت کا مؤقف سامنے لایا جائے گا، جبکہ اہلحدیث برادری کے حقوق اور دینی معاملات بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اور سلامتی پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سپرد امور کی مسلسل نگرانی کریں، انتظامی مسائل فوری طور پر حل کریں اور تیاریوں کی پیش رفت سے مرکزی قیادت کو باقاعدگی سے آگاہ رکھیں۔ حافظ عبدالکریم نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت کے تمام ذمہ داران اور کارکنان 15 نومبر کو ہونے والی کانفرنس کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔











