جماعت اسلامی پنجاب: گنے کی کرشنگ میں تاخیر، کسان شدید پریشان

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکار اس وقت شدید معاشی مشکلات اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر بابر رشید، ذکر اللہ مجاہد، رشید منہالہ، محمد فاروق چوہان اور عمران الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی فصل تیار کھڑی ہے، مگر شوگر ملز مالکان نے تاحال کرشنگ سیزن شروع نہیں کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے اور کرشنگ کا آغاز 10 نومبر تک یقینی بنایا جائے۔ ان کے مطابق گنے کی فصل جتنی تاخیر سے کٹے گی، گندم کی فصل بھی اتنی ہی دیر سے بوئی جا سکے گی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کے کسان پیکیج پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ریلیف کاشتکاروں تک نہیں پہنچ رہا۔ یوریا کی بوری 5000 روپے تک بلیک میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ ڈی اے پی گزشتہ سال کی نسبت 4 ہزار روپے مہنگی بیچی جا رہی ہے۔
جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اگر پٹرولیم لیوی کا خاتمہ نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی اسلام آباد تک لانگ مارچ کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں بھی متعدد شوگر ملز نے کاشتکاروں کو گنے کی مکمل ادائیگی نہیں کی، جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
دستیاب تخمینوں کے مطابق ملک میں تقریباً 11 لاکھ 90 ہزار ایکڑ رقبے پر گنے کی کاشت کی گئی ہے اور مجموعی پیداوار 8 کروڑ 42 لاکھ ٹن کے قریب متوقع ہے۔ جاوید قصوری کے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے کپاس کی پیداوار مسلسل کم ہو رہی ہے اور جنوبی پنجاب میں گنے کی غیر متوازن کاشت نے کپاس کے روایتی علاقوں کا زرعی نظام متاثر کیا ہے۔
انہوں نے گندم کی سرکاری خریداری میں تاخیر پر بھی حکومت پر تنقید کی۔ ان کے مطابق پنجاب میں تقریباً ایک کروڑ 62 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت ہوئی، مگر پیداوار کا تقریباً 70 فیصد حصہ مارکیٹ میں فروخت ہو چکا ہے۔ حکومت نے براہ راست خریداری کے بجائے دس نجی کمپنیوں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں گندم 3 ہزار روپے فی من سے بھی کم قیمت پر خریدی گئی، جبکہ 50 کلو کا بیج کا تھیلا 9 ہزار روپے میں بھی دستیاب نہیں۔
کسان کارڈ کی رقم 30 ہزار سے بڑھا کر 33 ہزار 500 روپے فی ایکڑ کرنے اور 3 ہزار 500 روپے کھاد سبسڈی دینے کے حکومتی دعوے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے جاوید قصوری نے کہا کہ اگر یہ رقم واقعی سبسڈی ہے تو حکومت اسے خود برداشت کرے، کسان پر اضافی بوجھ نہ ڈالے۔











